نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ہے جس میں حالیہ علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن کیلئے مکالمے اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیر اعظم نے پاکستان کی امن کی کوششوں کےلیے سعودی عرب کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں ممالک نے خطے میں استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جہاں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ پاکستان کی جانب سے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
فریقین نے رابطے میں رہنے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ پاکستان نے خطے میں استحکام کیلئے تعمیری کردار جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔