مائیکرو سافٹ نے اپنی ڈیجیٹل نقشہ جاتی سروسز میں تبدیلی کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے (ویسٹ بینک) کے لیے استعمال ہونے والے اسرائیلی مخصوص نام ہٹا دیے۔
ٹیکنالوجی کمپنی نے یہ اقدام بین الاقوامی قوانین سے ہم آہنگی کے لیے کیا ہے، جس کا اطلاق اس کے مختلف پلیٹ فارمز بشمول بنگ سرچ انجن پر بھی کیا گیا ہے۔
عرب سینٹر فار دی ایڈوانسمنٹ آف سوشل میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ مائیکرو سافٹ نے جوڈیا اور سماریا جیسے لیبلز کو تبدیل کر کے صرف ویسٹ بینک لکھنا شروع کر دیا ہے۔
مذکورہ اصطلاح اسرائیلی ریاست کی جانب سے مقبوضہ علاقے کے لیے استعمال ہوتی ہے، جو بین الاقوامی قانونی مؤقف سے متصادم ہے، جہاں ویسٹ بینک اور مشرقی یروشلم کو فلسطینی علاقے تصور کیا جاتا ہے جو اسرائیلی قبضے میں ہیں۔
ان تبدیلیوں سے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ لوکیشن بیسڈ سروسز اب مقبوضہ زمین کو اسرائیل کا حصہ ظاہر نہیں کریں گی۔
تنظیم نے کہا ہے کہ ویسٹ بینک مستقبل کی کسی بھی ممکنہ فلسطینی ریاست کا ایک اہم جزو ہے، اس لیے ڈیجیٹل نقشوں میں درست نمائندگی قانونی اور سیاسی طور پر نہایت اہمیت رکھتی ہے۔
تنظیم کی ایڈووکیسی منیجر لاما نزیہ نے اس پیش رفت کو ضروری اصلاح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ذمے داری ہے کہ وہ بین الاقوامی معیارات کی پاسداری کریں اور فلسطینی جغرافیے کو ڈیجیٹل سطح پر مٹانے جیسے عمل کا حصہ نہ بنیں۔