• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان رجیم کی شہری آبادی پر گولہ باری، 4 بچے، خاتون شدید زخمی، سیکیورٹی ذرائع

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

افغان طالبان رجیم نے ایک بار پھر جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سول آبادی پر حملہ کیا، شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری سے 4 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم نے انگوراڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں پاکستان کی شہری آبادی پر گولہ باری کی، افغانستان کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ انگور اڈہ کے مقامی شہریوں کریم خان اور رحمت اللّٰہ کے گھر پر آکر لگا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حملے میں زخمی تمام بچوں اور خاتون کو ڈی ایچ کیو اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا، چند روز قبل بھی اسی علاقے میں افغانستان سے  بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے سرحد پر افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی سے افغان طالبان اہلکار پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے مسلسل پاکستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے، آپریشن غضب للحق تمام مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید