اسلام آباد (نمائندہ جنگ/اے پی پی) وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حجم بجلی صارفین کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے استعمال کرنے، پاور ڈویژن کی سفارش پر سی پی پی اے کو بیگاس پر چلنے والے پاور پلانٹس کے ساتھ معاہدوں کو نظرثانی شُدہ شرائط کے مطابق دستخط کرنے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ وجیلینس کمیشن ایکٹ، 2025 کی اصولی منظوری بھی دیدی۔وزیراعظم اور وفاقی وزراء نے سولر استعمال کرنے والے صارفین پر اضافی ٹیکس عائد کرنے مخالفت کردی، انہوں نے وزیر توانائی کو نیٹ میٹرنگ پالیسی پر نظرثانی کے لیے ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حجم بجلی صارفین کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے استعمال کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے ) کو بیگاس پر چلنے والے پاور پلانٹس کے ساتھ معاہدوں کو نظرثانی شُدہ شرائط کے مطابق دستخط کرنے کی منظوری بھی دے دی۔