جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال ہو گئی، ٹرین پشاور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس میں 280 مسافر سوار ہیں۔
وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور و سیفران امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بلوچستان کی ترقی روکنا چاہتے تھے انہیں مایوسی ہوئی، وزیرِ اعظم اور آرمی چیف ملکی سلامتی کے لیے پُرعزم ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے، کوئی سیاست نہ کرے، بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت پر دی گئی آخری کال ٹُھس ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ بھی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال مسترد کریں گے، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کی تبدیلی ان کا اپنا معاملہ ہے، کبھی اپنی جماعت سے کسی کو باہر کر دیتے ہیں اور کبھی کسی کو اندر کر دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مخصوص جماعت نفرت و شر انگیزی کا مظاہرہ کر رہی ہے، پی ٹی آئی اپنے سیاسی مفادات کے لیے دھرنے دیتی ہے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ سے اندرونِ ملک کے لیے ٹرین سروس 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے معطل تھی۔
جعفر ایکسپریس کو ضلع کچھی کے علاقے میں دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔