بالی ووڈ کی معروف آن اسکرین اور آف اسکرین جوڑی اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم فلم کی شوٹنگ کے چند مناظر آن لائن لیک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ میں اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ ساتھ اداکار وکی کوشل بھی جلوہ گر ہوں گے۔
اس فلم کی شوٹنگ آج کل ممبئی میں ہو رہی ہے تاہم بھارتی میڈیا کے فوٹوگرافرز کی جانب سے فلم کی شوٹنگ کے چند مناظر آن لائن شیئر کیے گئے ہیں۔
ان مناظر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم کے کسی رات کے سین کی شوٹنگ ہو رہی ہے جس میں عالیہ بھٹ ریٹرو لباس (ماضی کے فیشن کے انداز کا لباس) میں ملبوس ہیں۔
عالیہ کھلے بالوں اور نیلے گاؤن میں جبکہ رنبیر کپور مونچھوں اور ریشمی لباس میں نظر آ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’لو اینڈ وار‘ کی کہانی دو فوجی افسران کی ڈرامائی محبت کے گرد گھومتی ہے، جو ممکنہ طور پر آئندہ برس 20 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔