کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام’’ کیپٹل ٹاک‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتےہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا ہےکہ تحریک انصاف کے امریکی لابیز فرمز کے ساتھ رابطے ہیں،رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف، بیرسٹر عمیر نیازی نےکہا کہ حکومت خود خلیج کم نہیں کرنا چاہتی، حکومت کا فوکس ہے کہ فوج کے ساتھ ہمارا تنازع نظر آئے اور یہ موج کرتے رہیں، سینئر صحافی،مظہر عباس نےکہا کہ صحافیوں کو گرفتار کئے جانے کے اثرات بین الاقوامی تعلقات پر پڑ سکتا ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہاکہ جو ولسن کا بل انفرادی بل ہے۔اس بل کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔پی ٹی آئی کی لابیز فرمز کے ساتھ ان کے رابطے ہیں۔امریکا کے حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے لوگ انتخابی مہم میں خرچے کرتے رہے ہیں یہ اس کا نتیجہ ہے۔اس طرح کے بل صرف میڈیا کی زینت بنتے ہیں اس کی عملی طو ر پر کوئی حقیقت نہیں نہ کوئی فرق پڑنے والا ہے۔صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری نہیں رہنا چاہئے نہ کوئی غلط کریک ڈاؤن ہوگا۔دنیا میں میڈیا اور سوشل میڈیا کو ریگولیٹ ضرور کیا جاتا ہے۔جن ممالک میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف باتیں کی جارہی ہیں وہاں غزہ سے متعلق بات نہیں کرسکتے۔