ماسکو(ٹی وی رپورٹ)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قافلے میں شامل ایک لگژری لیموزین کارمیں زور دار دھماکا ہواہے جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور بلند شعلوں نے خوف وہراس پھیلا دیا۔یہ دھماکا روسی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ہوا۔ دھماکے بعد سکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں۔دی سن کی رپورٹ کے مطابق وسطی ماسکو میں ولادیمیر پوتن کے قافلے کی ایک لگژری لیموزین میں دھماکا ہوا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ کسی سازش کا حصہ ہے یا گاڑی میں کسی خرابی کی وجہ سے آگ لگی۔لگژری کار لیموزین کو آگ لگنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں کار سے آگ کے شعلے بلند ہوتے نظر آرہے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ گاڑی صدر کے پراپرٹی ڈپارٹمنٹ کے زیر انتظام ہے جو صدر کی ٹرانسپورٹ کو سنبھالتا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ واقعے کے وقت کار کے اندر کون تھا۔