سوناکشی سنہا نے ظہیر اقبال کے ساتھ اپنی محبت بھری کہانی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت میں رہنا اتنا ہی آسان ہے جتنا محبت میں مبتلا ہونا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے 23 جون 2024ء کو شادی کی تھی، جس سے قبل انہوں نے 7 سال تک ڈیٹنگ کی، دونوں نے اپنی محبت کو طویل عرصے تک نجی رکھا، لیکن شادی کے بعد وہ ایک دوسرے کے بارے میں بات کرنے سے نہیں رکتے اور اپنی زندگیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ خوبصورت بنانے پر روشنی ڈالتے ہیں۔
سوناکشی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ جب آپ کا ساتھی بھی اسی پیشے سے تعلق رکھتا ہو تو معاملات آسان ہو جاتے ہیں۔
اداکارہ نے اپنے اور ظہیر کے درمیان بے حد ہم آہنگی اور مضبوط رشتے کے بارے میں کھل کر بات کی۔
سوناکشی نے کہا کہ جب ہم ڈیٹنگ کر رہے تھے، تو ہم بہترین دوست بن جاتے تھے اور ایک دوسرے کے بارے میں ہر بات کرتے تھے، سچ کہوں تو محبت میں رہنا اتنا ہی آسان ہے جتنا محبت میں مبتلا ہونا ہے، صحیح شخص کے ساتھ تعلقات کی نزاکت کو بخوبی سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گھر میں اپنے کام کے بارے میں ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں، ہمارا کام ہماری زندگی کا ایک بڑا حصہ ہے، مجھے اس کی رائے لینا پسند ہے اور وہ بھی میری رائے کو اہمیت دیتا ہے، ہم اپنی پیشہ ورانہ زندگی کی ہر بات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، جیسے میری اسکرپٹس، وہ پہلا شخص ہوتا ہے جس کے ساتھ میں سب کچھ شیئر کرتی ہوں، حتیٰ کہ اگر کوئی ورک میٹنگ بھی ہو تو میں اسے سب کچھ بتاتی ہوں، اس سے مجھے نیا نقطۂ نظر ملتا ہے۔
واضح رہے کہ سوناکشی سنہا آخری بار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ہیرا منڈی میں نظر آئیں جس میں ان کی شاندار کارکردگی کو بھرپور سراہا گیا۔