لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پنجاب ایجوکیشن، کریکلم، ٹریننگ اینڈ اَسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیکٹا کے قیام کے بعد فعال کردار کے حوالے سے متعلقہ امور پر سیر حاصل مشاورت کی گئی۔ چیف ایگزیکٹو پیکٹا ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے اجلاس کو ورکنگ پر مفصل بریفنگ دی۔ اجلاس میں پیکٹا ہیڈ کوارٹر، آرگینوگرام اور ذیلی شعبہ جات کے قیام کی منظوری دی گئی اور نئی قائم شدہ اتھارٹی کے تحت پیکٹا کے مختلف امور کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پیکٹا کا بورڈ آف گورنرز چوٹی کے ماہرین تعلیم پر مشتمل ہے جن کی راہنمائی میں نصاب، تربیت اور اِمتحانات کو ایک مربوط نظام میں ڈھال کر تعلیم میں نئی جہتوں کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اور قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کو آپس میں انضمام کر کے پیکٹا تشکیل دی گئی ہے۔