لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جامع نورِ اسلام میں تراویح ختمِ قرآن، جامع مسجد کلثوم بشیر کی افتتاحی تقریب اور منصورہ میں علماء کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ماہِ رمضان میں مساجد آباد ہوگئیں اور قرآنِ پاک کی تلاوت سے بہار آگئی. شبِ قدر کی تلاش اور اعتکاف کی عبادات سے مِلتِ اسلامیہ نے اپنی زندگی اور دینی محبت کا عملی اظہار کیا ہے. مِلتِ اسلامیہ رمضان کی عبادت، باہم محبت و اُلفت، صبر و برداشت اور وحدت کے جذبوں کو اپنالے تو ہر شر و بحران سے نجات مل جائے گی. غلبہ دین کی جدوجہد ہی اہلِ ایمان کا مقصد ہونا چاہئے. حکمران طبقہ نے ہمیشہ آئین، قرآن و سنت کے احکامات سے انحراف کا راستہ اختیار کیا جس کی وجہ سے ملک قیامِ پاکستان کے مقاصد کی پٹڑی سے اُتر گیا. عوام کو ہی دینی جذبوں کیساتھ ملک و مِلت کی قیادت کے انتخاب میں انقلاب برپا کرنا ہوگا. مِلتِ اسلامیہ کے لیے عیدالفطر شہادتوں بھری ہے اور فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کی طرف سے اتحادِ اُمت کے ذریعے اُن کی آزادی کا پیغام ہے۔