پشاور(سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی قیادت میں صوبائی اسمبلی نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کیساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے خصوصی فورم تشکیل دیدیا ہے،یہ اقدام بین الاقوامی کانفرنس برائے آبادی و ترقی (آئی سی پی او) کے ایجنڈے کو صوبائی سطح پر آگے بڑھانے کے لئے اٹھایا گیا ہےجو خیبر پختونخوا اسمبلی اور یو این ایف پی اےکے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) کے تحت عمل میں آیا،اس فورم کے چیئرمین افتخار اللہ جان، ایم پی اے ہوں گے، جبکہ دیگر اراکین اسمبلی میں حامد الرحمان، عبد الکبیر خان، شفیع اللہ، تاج محمد، اورنگزیب خان، اشفاق احمد،ارباب محمد عثمان خان، شہلا بانو اور نیلوفر بابر شامل ہیں اس کے علاوہ، سید وقار شاہ، اسپیشل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) خیبر پختونخوا اسمبلی فورم کے سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں گے، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اس اقدام کو صوبے میں پائیدار ترقی، آبادی سے متعلق مسائل کے حل اور مؤثر پالیسی سازی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فورم پالیسی سازی، صنفی مساوات، تولیدی صحت، اور آبادیاتی عوامل پر مبنی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔