• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں افغان مہاجرین نے اتوار کو عید منائی، ایمل ولی کی بھی سعودیہ کیساتھ عید

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں افغان مہاجرین نے اتوار کو عید منائی ،ایمل ولی کی بھی سعودیہ کیساتھ عید ،پشاورکے علاقوں تاج آباد،فقیرآباد، حیات آباد ، پھندو ،باغبانان، ارمڑ میں نماز عید ، ضلع خیبر ،مہمند، باجوڑ کے بعض علاقوں میں بھی اتوار کو عید منائی گئی ، خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں آج عید ہوگی ، چاند رات پر بازاروں میں رش ، سکیورٹی پلان ،شہر بھر میں ناکے، مساجد کے باہر پولیس تعینات،صوبائی دارالحکومت پشاور اور کئی قبائلی اضلاع سمیت صوبہ کے مختلف علاقوں میں مقیم افغان مہاجرین اور بعض مقامی افراد نے سعودی عرب کیساتھ اتوار کے روز عیدالفطر منائی اور نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جن میں فرزندان اسلام نے امت مسلمہ کی سربلندی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں ، عوامی نیشنل پارٹی کے قائد ایمل ولی خان نے بھی اتوار کے روز عید منائی، پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کےبعد متوقع طور پرآج بروز پیر عید منائی جائیگی ۔ سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ہفتہ کی شام شوال المکرم کا چاند نظر آنے کے بعد اتوار کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا گیا تھا، پاکستان مقیم افغان مہاجرین اور بعض قبائلی علاقوں کے عوام نے سعودی عرب کیساتھ روزہ رکھنے اور عید منانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اتوار کو عید منائی ، پشاور کے مختلف علاقوں تاج آباد ،بورڈ بازار، حیات آباد ، فقیر آباد افغان کالونی ، پھندو ، ارمڑ ، چارسدہ روڈ خراسان کیمپ اور باغبان سمیت بعض دوسرے علاقوں میں بھی افغان مہاجرین نے عید الفطر کی نماز ادا کی ، چارسدہ ، تحصیل تنگی ، باجوڑ ، ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے چند علاقوں میں بھی اتوار کو سعودی عرب کیساتھ عید منائی گئی ، دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ کیساتھ منائی جائیگی ،پشاور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ چارسدہ روڈ اوقاف ہال میں ہوگا، دوسری جانب عید الفطر پر امن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، چاند رات پر بازاروں میں عوام کے رش کے پیش نظر جگہ جگہ پولیس نفری تعینات رہی جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پولیس ناکے لگائے گئے ، آج نماز عید کے اجتماعات کیلئے بھی سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے ،تمام مساجد کے باہر پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
پشاور سے مزید