پشاور(وقائع نگار)الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا نے حسبِ روایت اس سال بھی اپنے کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں رجسٹرڈ 6300 یتیم بچوں کو عید کی خریداری کرائی۔ بچوں نے مختلف شہروں کے بڑے مالز میں جا کر اپنی پسند کی عید کی چیزیں خریدیں۔اسی سلسلے میں پشاور کے حیات آباد میں واقع ایک شاپنگ مال میں 580یتیم بچوں کو عید کی خریداری کروائی گئی۔ اس پرمسرت موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص، صوبائی جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، الخدمت کے دیگر ذمہ داران اور رضاکار بھی موجود تھے۔بچوں نے عید کے لیے اپنی پسند کے کپڑے، جوتے، چوڑیاں اور دیگر ضروری اشیاء خریدیں، جس سے ان کے چہروں پر خوشی کے رنگ بکھر گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن خالد وقاص نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یتیم بچوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کا اہتمام کیا گیا۔