مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر برطانوی شاہ چارلس سوم کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنگ چارلس سوم اور ملکۂ برطانیہ کا ایک تقریب میں استقبال بالی ووڈ کی مشہور فلم ’دھوم‘ کے ٹائٹل سانگ دھوم مچا لے پر کیا گیا۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تقریب دولتِ مشترکہ کی خدمت میں ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقدہ کی گئی تھی، جس میں لندن میں مقیم شری مکتا جیون سوامی پاپا پائپ بینڈ لندن ( Shree Muktajeevan Swamibapa Pipe Band London) نے کنگ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا کا انوکھے انداز میں خیر مقدم کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
بھارتی اسکاٹش پائپ بینڈ مکتا جیون سوامی پاپا پائپ بینڈ نے 2004ء میں ریلیز ہونے والی مشہور بالی ووڈ فلم دھوم کے گانے کی دھن ’دھوم مچا لے‘ کو شاہی خاندان کے استقبال کے لیے پیش کیا۔
اس موقع پر ویلز کے شہزادے اور شہزادی، شہزادی این اور ڈیوک اور ڈچس آف گلوسٹر بھی موجود تھے۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔