کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ملیر ہالٹ میں ٹینکر کے حادثے میں میاں، بیوی اور نومولود بچے کی ہلاکت کے کیس میں ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا،ملزمان میں ٹینکر ڈرائیور رحیم بادشاہ اور ہیلپر عمر وقاص شامل ہیں،تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ ٹینکر کا مالک ملک سے باہر ہے،گاڑی کی رجسٹریشن خیبر پختونخواہ کی ہے، رجسٹریشن کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوسکی ہے، جائے وقوعہ کے اطراف مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرنی ہیں، عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئےملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،عدالت نے آئندہ سماعت تک تفتیشی افسر سے مقدمے کا چالان طلب کرلیا،ملزمان کے خلاف تھانہ ماڈل کالونی میں مقدمہ درج ہے۔