• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارتک آریان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک شخص کو گٹار مار دیا


بالی ووڈ کے مشہور اداکار کارتک آریان نے انوراگ باسو کی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک شخص کو گٹار مار دیا۔

کارتک آریان ان دنوں جنوبی اداکارہ سری لیلا کے ساتھ رومانوی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو کہ عاشقی سیریز کی تیسری قسط ہے، فلم کی شوٹنگ گنگٹوک میں جاری ہے، جہاں سے کچھ بی ٹی ایس (پس پردہ) ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ایک ویڈیو میں کارتک آریان ہاتھ میں گٹار لیے مشہور گانے تو میری زندگی ہے کے نئے ورژن پر لب ہلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، دوسری طرف سری لیلا بھی ہاتھ میں گٹار تھامے دکھائی دے رہی ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی کسی بینڈ کا حصہ ہیں۔

ویڈیو میں انوراگ باسو خود بھی نظر آ رہے ہیں، جو اداکاروں کو ہدایات دے رہے ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں کارتک آریان کو ایک شخص کو اسٹیج پر گٹار مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 اس غیر متوقع اور پرتشدد منظر نے مداحوں کو حیران کر دیا کہ آخر کارتک آریان کو ایسا کیا ہوا جو انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ 

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ فلم کا حصہ ہو سکتا ہے جبکہ کچھ اسے حقیقی تنازع سمجھ رہے ہیں۔

اس ویڈیو سے متعلق فی الحال کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید