آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: رمضان کے بعد چھ روزوں کا حکم اور عید کے دنوں میں روزہ رکھنا کیسا ہے؟
جواب: شوال کے چھ روزے رکھنا مستحب ہے، احادیثِ مبارکہ میں اس کی فضیلت وارد ہوئی ہے، عید کے دوسرے دن سے مہینے کے آخر تک یہ روزےالگ الگ کرکے اور اکٹھے دونوں طرح رکھے جاسکتے ہیں۔ لیکن شرعی طور پر سال میں پانچ دن روزے رکھنا ممنوع ہے، جن میں سے ایک عید الفطر کا دن بھی ہے، اور باقی چار دن 10 ذوالحجہ سے 13 ذو الحجہ تک ہیں، ان ایام میں روزہ رکھنا ممنوع ہے، لہٰذا ان ایام میں روزے کی نیت کرنا جائز نہیں ہے، اور اگر کوئی روزہ رکھ لے تو اسے توڑنا لازم ہے، ورنہ گناہ ہو گا۔ صحیح مسلم میں ہے: رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے رمضان کے روزے رکھے،پھر اس کے بعد شوال میں چھ روزے رکھے تو یہ سارا زمانہ (زندگی) روزے رکھنے کی طرح ہے۔ (صحیح مسلم، کتاب الصیام،ج2،ص822،ط؛دار احیاء التراث العربی)