کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے اپنے ہی پارٹی کی صوبائی حکومت پر سوالات اٹھادیے۔تیمور جھگڑا نے پارٹی کی داخلی احتساب کمیٹی کے سوالنامے پر تحریری ردعمل بھجوادیا ہے اور کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے۔تیمور جھگڑا نےکہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےتقریباً 10 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کئے ہیں اور وزیراعلیٰ کے مطابق انہوں نےایک سال میں پارٹی پر 75 کروڑ روپے خرچ کئے لیکن احتساب کمیٹی وزیراعلیٰ کی اس بات پر غور کیوں نہیں کر رہی؟انہوں نے کہا کہ میرے معاملے پر کمیٹی کسی بھی نتیجے پر پہنچےگی تو میری طرف سے مشکوک سمجھا جائےگا۔ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کو مجھے کے پی کابینہ میں شامل کرنےکا کہا تاہم وزیراعلیٰ نے تجویزدی کہ پارٹی کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی سےمیری کلیئرنس ہوگی، وزیراعلیٰ کی طرف سے مجھ پر مبینہ کرپشن کا معاملہ باربار اٹھایا گیا۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ مجھےصوبائی کابینہ کا حصہ بننے کی کوئی خواہش نہیں تاہم میں اپنا جواب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر اور مرکزی جنرل سیکرٹری کو پیش کروں گا۔تیمور جھگڑا نے سوالات اٹھائےکہ بانی پی ٹی آئی کےکہنےکےباوجود کے پی حکومت 9 مئی کے واقعات کی انکوائری کرانے میں ناکام کیوں ہے؟ کے پی حکومت دھاندلی کی انکوائری کرانے میں کیوں ناکام رہی؟ کے پی حکومت نے مفت آٹے کی تقسیم کےمعاملے پر انکوائری کیوں شروع نہیں کی؟۔