اسلام آباد ( طاہر خلیل ) صدر آصف علی زرداری علالت کے باوجود چھٹی پر نہیں جائیں گےاور حسب معمول صدارتی فرائض ادا کرتے رہیں گے ، ذرائع کاکہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کورونا سے صحت یابی تک کراچی میں ہی رہیں گے ، صدر کے پرسنل فزیشن ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی صحت میں بہتری آرہی ہے ، انہیں جلد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ تاہم مکمل صحت یابی تک صدر آئسو لیشن میں رہیں گے، اس دوران انہیں صدارتی فرائض کی انجام دہی پر پابندی نہیں ہو گی اور ضروری فائل ورک مکمل کر یں گے ۔روایت موجود ہے کہ اس سے قبل صدر عارف علوی بھی دو مرتبہ کورونا کا شکار ہو ئے تھے اور وہ چھٹی پر نہیں گئے تھے ۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ آئین میں ایسی کوئی شق نہیں جس کے تحت صدر کو بیماری کی وجہ سے چھٹی پر جانے کی گنجائش موجود ہو ، صدر جب تک پاکستان میں موجود ہوتا ہے ،چیئرمین سینٹ یا سپیکر قائم مقام صدر نہیں ہو سکتا ۔ ادھر صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا علاج نجی ہسپتال میں جاری ہے اور ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے،خون کے ٹیسٹ کی رپورٹس میں بھی بہتری کے اشارے مل رہے ہیں، صدرآصف زرداری کو کراچی منتقل کرنا علاج کے حوالے سے ایک اچھا فیصلہ تھا ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔