اسلام آباد( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی قیمتوں میں کمی کی تقریب میں خطاب کے دوران پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر اشارتاً ان پر تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے جو کوششیں ہورہی تھیں ،انہیں ختم کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے، ملک کیخلاف گھناؤنا کردار ادا کیا گیا ۔انہوں نے شعر پڑھا کہ مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے** وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں، آئی ایم ایف بات سننے کو تیار نہیں تھا، بجلی کے کارخانے چلانے کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے ،توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہت مشکل صورتحال کا سامنا تھا جبکہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لانے والے خوشی کے شادیانے بجا رہے تھے کہ اب کچھ بھی ہو جائے پاکستان کو کوئی ڈیفالٹ سے بچا نہیں سکتا تھا اور یہ ٹولہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کے لیے تمام حدیں پار کر گیا۔