• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتوں کو سہولت،B1 اور B2 کیٹیگریز میں 18 روپے فی یونٹ تک کی بچت

اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)حکومت پاکستان نے صنعتی شعبے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے،B1 اور B2 کیٹیگریز میں 18 روپے فی یونٹ تک کی بچت ۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مرکزی عہدے دار کریم عزیز ملک نے جنگ کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اس فیصلے کے تحت صنعتی صارفین کے لیے جون 2024 کے نرخوں، موجودہ نرخوں اور اب جاری کردہ نئے نظرثانی شدہ نرخوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صنعتی پیداوار کی لاگت میں واضح کمی آئے گی اور کاروباری سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔سب سے پہلے B1 کیٹیگری کے صارفین کے لیے جون 2024میں بجلی کا نرخ 58.32 روپے فی یونٹ تھا جو موجودہ وقت میں 47.72 روپے ہو چکا ہے، یعنی 10.60 روپے کی کمی ہوئی۔ اب نئے نظرثانی شدہ نرخ 40.03 روپے مقرر کیے گئے ہیں، جو موجودہ نرخ سے مزید 7.69 روپے کم ہیں۔ اس طرح کل ملا کر B1 کیٹیگری کے لیے بجلی 18.29 روپے فی یونٹ سستی ہوئی ہے، جو کہ تقریباً 31 فیصد کی مجموعی کمی ہے۔B1 Peak صارفین کے لیے جو 2024 کا نرخ 62.88 روپے تھا، جو پہلے ہی 52.28 روپے تک آ چکا تھا اور اب نئے نظرثانی شدہ نرخ 44.59 روپے مقرر کیے گئے ہیں، یوں کل 18.29 روپے کی کمی ہوئی ہے جو 29 فیصد کی مجموعی بچت بنتی ہے۔ اسی طرح B1 Off Peak کیٹیگری میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی ہے، جہاں نرخ 55.76 روپے سے کم ہو کر پہلے 45.15 روپے اور اب مزید کمی کے بعد 37.47 روپے ہو چکے ہیں، جو 18.29 روپے یعنی 33 فیصد کی بڑی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔B2 کیٹیگری کے صارفین کے لئے نرخ جون 2024 میں 60.52روپے تھے، جو موجودہ وقت میں 50.06 روپے تک آ گئے ہیں، اور اب نظرثانی کے بعد یہ نرخ 42.37 روپے پر لائے گئے ہیں۔ اس طرح مجموعی کمی 18.15 روپے یعنی 30 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ B2-TOU (Time of Use) صارفین کے لیے Peak اوقات میں نرخ 62.80 سے کم ہو کر پہلے 52.20 روپے اور اب 44.51 روپے ہو گئے ہیں، جس سے کل کمی 18.29 روپے اور شرح کمی 29 فیصد ہوئی ہے۔ B2-TOU Off Peak میں نرخ 59.23 سے پہلے 48.73 اور اب 41.05 روپے تک کم کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 18.19 روپے یعنی 31 فیصد کی بچت ممکن ہوئی ہے۔B3-TOU اور B4-TOU صارفین لیے بھی اسی نوعیت کی کمی کی گئی ہے۔ B3-TOU Peak میں نرخ 62.80 سے پہلے 52.20 اور اب 44.51 روپے ہو گئے ہیں، جبکہ Off Peak میں نرخ 57.38 سے 46.89 اور اب 39.21 روپے تک آ گئے ہیں۔ اسی طرح B4-TOU Peak میں نرخ 62.80 سے 52.20 اور اب 44.51 روپے تک، اور Off Peak میں 57.06 سے 46.59 اور اب 38.91روپے تک لائے گئے ہیں۔ ان کیٹیگریز میں بھی مجموعی کمی 18.15سے 18.29 روپے یعنی 29 فیصد سے 32فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے۔عارضی بجلی سپلائی صارفین کے لیے جون 2024 میں نرخ 59.70 روپے تھے، جو معمولی کمی کے بعد 59.61 روپے ہو گئے تھے۔ تاہم اب ان کے لیے نرخ مزید کم کر کے 51.92 روپے مقرر کیے گئے ہیں، یوں مجموعی طور پر 7.78روپے یعنی 13 فیصد کی بچت دی گئی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ صنعتی شعبے کو فروغ دینے اور کاروباری لاگت کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ ملکی معیشت کو استحکام دیا جا سکے، برآمدات میں اضافہ ہو، اور پاکستان عالمی منڈی میں مسابقتی پوزیشن حاصل کر سکے۔ توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے تحت بجلی کی قیمتوں میں یہ تاریخی کمی صنعتی ترقی کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید