ہندی سنیما کے مشہور اداکار سنی دیول نے بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان اور فلم ساز یش چوپڑا کیساتھ پرانے جھگڑے پر کہا ہے کہ سب جانتے تھے صحیح کون تھا۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنی دیول نے حال ہی میں ایک بار پھر 1993 کی سپر ہٹ فلم ’’ڈر‘‘ سے جُڑے پرانے تنازع پر لب کشائی کی۔
اگرچہ اداکار نے کہا کہ وہ اس معاملے کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور ان کے دل میں شاہ رخ خان یا مرحوم ہدایتکار یش چوپڑا کےلیے کوئی تلخی نہیں رہی، تاہم ان کے تازہ بیان سے لگتا ہے کہ پرانی چنگاری پھر سے بھڑک سکتی ہے۔
ایک میڈیا سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سنی دیول نے کہا، ’اتنے سارے ستارے ہیں، میں سب کے ساتھ کام کر سکتا ہوں۔ حال ہی میں میں نے کہا تھا کہ میں نے فلم ڈر میں شاہ رخ کے ساتھ کام کیا تھا، تو مجھے ان کے ساتھ دوبارہ فلم کرنے میں کوئی اعتراض نہیں۔ اب دیکھتے ہیں کیا کیا جا سکتا ہے۔‘
جب ان سے شاہ رخ خان اور یش چوپڑا کے ساتھ جھگڑے کے بارے میں پوچھا گیا تو سنی نے کہا، ’جھگڑے ہوتے رہتے ہیں لیکن لوگ صلح بھی کرتے ہیں۔ میں کسی بات سے زیادہ ناراض نہیں تھا۔ جو کچھ بھی اُس وقت ہوا، وہ وقت گزر گیا۔ اُس کے بعد سب کو پتا تھا کہ صحیح کون تھا اور غلط کون، تو اُسے دوبارہ دہرانے کا فائدہ نہیں۔ ورنہ آگے کیسے بڑھیں گے؟‘
فلم ’’ڈر‘‘ کی ریلیز کے بعد سنی دیول اور شاہ رخ خان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ سنی دیول کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ فلم میں شاہ رخ خان کے کردار کو اس حد تک نمایاں کیا جائے گا، خاص طور پر جب وہ ایک منفی کردار (ایک جنونی عاشق) ادا کر رہے تھے جبکہ سنی فلم کے مرکزی ہیرو تھے۔
سنی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا، ’لوگوں نے فلم میں مجھے بھی پسند کیا اور شاہ رخ کو بھی لیکن میری صرف اتنی شکایت تھی کہ مجھے پہلے سے نہیں بتایا گیا تھا کہ ولن کو اس قدر نمایاں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’میں ہمیشہ اعتماد کے ساتھ کام کرتا ہوں، بدقسمتی سے فلم انڈسٹری میں سب ایسے نہیں ہوتے۔ کچھ لوگ شاید ایسے ہی طریقے اپنا کر شہرت حاصل کرتے ہیں۔‘
یہ تنازع کئی سالوں تک جاری رہا اور دونوں اداکاروں نے تقریباً 16 سال تک ایک دوسرے سے بات نہیں کی۔