اسلام آباد( تنویر ہاشمی )پاکستان اور چین نے کسی بھی جانب سےپیدا کی گئی کسی بھی غلط فہمی کا مل کرمقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اس کےلیے اسٹریٹجک ، تعلیمی اور سماجی سطح پر تعاون اور رابطوں کو مضبوط بنا یا جائے گا جبکہ حکومتی ، ادارہ جاتی اور سماجی سطح پر تعاون کے مواقع بڑھا ئے جائیں گے ، یہ اتفاق انسٹیٹویٹ آف سٹریٹجک سٹیڈیز اسلام آباد اور چین کےآئی ڈی سی پی سی کے ممبران اور سرکردہ سکالرز پر مشتمل چینی وفد کے ساتھ اعلی سطح گول میز کانفرنس میں کیاگیا ، کانفرنس کا انعقاد آئی ایس ایس آئی کے زیر اہتمام کیاگیا جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے سینئر عہدیدار اور چین کی معروف یونیورسٹیوں کے ماہ اسکالرز شامل تھے،اس موقع پر ابھرتے ہوئے عالمی نظام، علاقائی پیش رفت، پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کی مرکزی حیثیت اور سی پیک اور پاک چین ’آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘ کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی، نوجوانوں، میڈیا اور اکیڈمی کے ساتھ بہتر مصروفیت، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بہترین استعمال کے ذریعے مضبوط لوگوں سے لوگوں کے تعلقات استوار کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔