اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ)پاکستان کے 85 ویں قومی دن کی مناسبت سے قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانہ نے مقامی ہوٹل میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مصر کے سرکاری کاروباری شعبہ کے وزیر انجینئر محمد شمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصر میں پاکستانی کے سفیر عامر شوکت نے نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت بڑھ رہی ہےموجودہ حکومت نے میکرو اکنامک استحکام، کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے عملی اقدامات کئے ، سفیر عامر شوکت نے قائد اعظم محمد علی جناح کی مثالی قیادت میں قیام پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے بانیان مملکت کی گراں قدر قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ سفیر عامر شوکت نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد، سستی افرادی قوت اور زبردست قدرتی وسائل کے ساتھ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ایک مثالی مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے میکرو اکنامک استحکام، کاروبار کرنے میں آسانی اور مہنگائی میں کمی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ آزادانہ ویزا نظام پہلے کی نسبت زیادہ سیاحوں کو پاکستان آنے کی طرف راغب کر رہا ہے۔ تقریب میں پاکستان کے فنون، دستکاری اور ثقافتی ورثے اور برآمدی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لئےقائم خصوصی کارنر نے معزز شخصیات اور مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔