کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیوں کیخلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر و وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پرپورے سندھ میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے لیے مربوط اور منظم کارروائیاں جاری ہیں، ان کارروائیوں کا مقصد شہریوں کی جانیں محفوظ بنانا، سڑکوں کو منظم رکھنا اور قانون شکن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق آپریشن کے دوران کراچی میں36 ایچ ٹی وی و ایل ٹی وی گاڑیاں اور 382 موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئیں۔آپریشن میں مجموعی طور پر 12واٹر ٹینکرز، 2منی بسیں، 2 منی ٹرکس، 3 ڈمپرز، 8 ٹرکس، ایک بس،ایک منی بس ، 5 آئل ٹینکرز اور 2 ایچ ٹی وی ٹرک بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔