اسلام آباد( ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار) پولیس سروس کے گریڈ 22کے بی اے ناصر نے بدھ کو انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا چارج سنبھال لیا ۔ بی اے ناصر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے چوبیسویں انسپکٹر جنرل ہیں۔ اس سے قبل وزارت مواصلات میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات خدمات انجام دے رہے تھے ،وفاقی دارالحکومت میں سینٹرل پولیس آفس آمد پر چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے قومی شاہراؤں کو مزید محفوظ بنایا جائے گامحکمے کی کمانڈ ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایمانداری کے حوالے سے معروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کی بنیادی اقدار ایمانداری، حسن اخلاق اور بروقت مدد ہیں، جو کہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر صورت میں برقرا رکھا جائے گا۔