اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)حکومت نے فوری طور پر موجودہ بجلی کی شرحوں سے تمام زمروں کے لیے اوسطاً 15 فیصد (7.41 روپے) فی یونٹ بجلی کے نرخ کم کر دیے ہیں۔ ترجمان پاور ڈویژن نے دی نیوز کو بتایا کہ ہم نے ٹیرف میں کمی کے نوٹیفکیشن کے لیے ضروری کارروائی کے لیے نیپرا کو بھی درخواست بھیج دی ہے۔تین کروڑ 45لاکھ بجلی صارفین کیلئے موجودہ نرخ 13 سے 32 فیصد تک کم ،300یونٹ والوں کو سب سے زیادہ فائدہ،لائف لائن صارفین کیلئے بجلی نرخ تبدیل نہیں ہوئے،تاہم پاور ڈویژن کے اشتراک کردہ اعداد و شمار کے مطابق 34.99 ملین گھریلو صارفین کے لیے جو کل صارفین کا 87 فیصد بنتا ہے، بجلی کے نرخ مختلف گھریلو کیٹیگریز کے لیے موجودہ نرخوں سے 13 سے 32 فیصد تک کم ہوئے، لیکن اوسطاً تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 17 فیصد کی کمی آئی۔ جو صارفین ماہانہ 300 یونٹس سے زیادہ استعمال کرتے ہیں یا جن کے پاس ٹی او یو میٹر ہیں، ان کے لیے بجلی کے نرخوں میں سب سے کم کمی ہوئی ہے جو 13 فیصد (7.18 روپے فی یونٹ) ہے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ لائف لائن، محفوظ اور وہ صارفین جو ماہانہ 300 یونٹس سے کم استعمال کرتے ہیں، کو کراس سبسڈی فراہم کرتے رہیں گے۔ لائف لائن صارفین جو ماہانہ 50 یونٹس تک استعمال کرتے ہیں، ان کی تعداد 1,418,975ہے اور یہ کل صارفین کا 4 فیصد ہیں۔ یہ صارفین بجلی 4.78 روپے فی یونٹ کی قیمت پر حاصل کرتے رہیں گے۔ اسی طرح، لائف لائن صارفین کی دیگر کیٹیگریز جو ماہانہ 51 سے 100 یونٹس استعمال کرتے ہیں اور جن کی تعداد 508,918ہے، ان کے لیے بجلی کے نرخ 9.37 روپے فی یونٹ پر برقرار رہیں گے اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 12 فیصد (8.58 روپے فی یونٹ) کی کمی کی جائے گی۔ جنرل سروسز صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 13 فیصد (7.18 روپے فی یونٹ) کی کمی کی جائے گی۔صنعتی صارفین کو اپنے بجلی کے نرخوں میں اوسطاً 13 فیصد (7.69 روپے فی یونٹ) کی کمی کا سامنا ہوگا۔ بلک صارفین کو 12 فیصد کی کمی ملے گی جو کہ 7.18 روپے فی یونٹ کے برابر ہوگی۔ زرعی صارفین کو اوسطاً 17 فیصد (7.18 روپے فی یونٹ) کی کمی کا فائدہ ہوگا۔