• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس سال حکومت گندم کی قیمتوں کا تعین نہیں کرے گی، مراد شاہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس سال حکومت گندم کی قیمتوں کا تعین نہیں کرے گی اور مارکیٹ کی قوتوں کو قیمتوں کا تعین کرنے کی اجازت دی جائے گی، آئین کے مطابق پانی کے مسائل پر صوبوں سے مشاورت ضروری ہے۔گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، مراد علی شاہ نے کہا، "جب تک کینال کی منظوری نہیں ملتی، اسے کیسے بنایا جا سکتا ہے؟" انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جب تک پیپلز پارٹی موجود ہے، یہ کینال نہیں بنے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ سیاسی جماعتیں کینال کی مخالفت کرنے کی بجائے پیپلز پارٹی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہیں۔وزیر اعلی کے ہمراہ صوبائی وزرا سعید غنی اور ناصر شاہ بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ مروٹ کینال ایک مجوزہ آبپاشی کینال ہے جو دریائے ستلج سے سلیمانکی بیراج کی چولستان صحرا کے فورٹ عباس توسیع کا منصوبہ ہے۔وزیر اعلی مراد علی شاہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جولائی میں صرف ابتدائی پروفائلنگ کی گئی تھی، جو چند سو فٹ تک محدود تھی اور یہ تعمیرات کے آغاز کے مترادف نہیں ہے۔ انہوں نے کچھ نیوز چینلز کو کینال منصوبے کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ذمہ داری سے رپورٹنگ کرنے کی اپیل کی۔
اہم خبریں سے مزید