کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خان خلجی نے کہا ہے کہ ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین کو قبائلی روایات کے مطابق چادر پہناکر سردار اختر مینگل یا ان کے اہل خانہ کے حوالے کرے ،پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف ، وزیراعظم کو اعتماد میں لے کر بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلئے فوری طور پر ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر سردار صدیق ہوتک ، مرزا شمشاد ، حسن خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ نواب سلمان خلجی نے کہا کہ ہم نے ایک پریس کانفرنس میں اپیل کی تھی کہ بلوچستان میں مفاہمت کی پالیسی اپنائی جائے ، جس کے چند ماہ بعد ری کنسیلیشن ان بلوچستان کے عنوان سے حکومت نے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس کے شرکاء میں چند قبائلی معتبرین شامل ہوئے جنہیں شاید صرف سننے کیلئے بلایا گیا تھا ، سیمینار کے معتبرین میں صرف حکومتی اور عوامی نمائندے شامل تھے جنہیں بلوچستان سے زیادہ اپنے مفادات عزیز تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے لانگ مارچ کے شرکا ء پر شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ ریاست ہمیشہ ماں ہونے کا دعویٰ کرتی ہے آج ریاست کو چاہئے کہ وہ ماں ہونے کا حق ادا کرے گرفتار خواتین کو فوری طور پر قبائلی روایات کے مطابق چادر پہناکر اختر مینگل یا انکے اہل خانہ کے حوالے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جعفرایکسپریس اوردیگر دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں۔