کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ڈیمز میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوگئی، گوادر کے سوار ڈیم میں پانی کا صرف تین فٹ ذخیرہ رہ گیا ۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں موسم سرما کے دوران معمول سے 52فیصد بارشیں کم ہونے سے صوبے کے بڑے ڈیمز میں پانی کے ذخائر میں کمی ہورہی ہے ،رپورٹ کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی گنجائش 340فٹ ہے لیکن اس میں پانی 329فٹ رہ گیا ،کیچ کے میرانی ڈیم میں 344فٹ پانی کی گنجائش ہے اس وقت اس میں 332فٹ پانی موجود ہے،گوادر کے شادی کور ڈیم میں 12فٹ پانی رہ گیا ،گوادر کے آکڑا ڈیم میں69فٹ پانی کی گنجائش ہے لیکن اس وقت اس میں 24فٹ پانی موجود ہے ،ژوب کے سبکزئی ڈیم میں 92فٹ پانی کی گنجائش ہے لیکن اس میںصرف 28فٹ پانی دستیاب ہے۔