کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی منیجر ٹی بی کنٹرول پروگرام محکمہ صحت بلوچستان ڈاکٹرشیرافگن رئیسانی اور ڈاکٹر آصف شاہوانی نے کہا ہے کہ ٹی بی کے مرض کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جائے ٹی بی کا مرض ایک سال میں 10سے 15لوگوں کو مزید ٹی بی کا جراثیم منتقل کرسکتا ہے ٹی بی کنٹرول پروگرام صوبے سے ٹی بی کے خاتمے کیلئے صوبے کی ضروریات اور عالمی دارہ صحت کے تجویز کردہ طریقہ کار کے مطابق پانچ سالہ اسٹریٹجک منصوبے پرعمل پیرا ہے جس کو ٹی بی کے بروقت خاتمے کے اقدامات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے ،2024ء میں ٹی بی کنٹرول پروگرام نے بلوچستان میں 16ہزار 227مریضوں کی تشخیص اور علاج کو یقینی بنایا ہے۔ ڈاکٹر شیرافگن رئیسانی نے بتایا کہ ٹی بی کی ادویات کی نجی سطح پر غلط استعمال کی روک تھام اور ٹی بی کے مریض کی پرائیویٹ سطح پرتشخیص کی سرکاری سطح پرنشاندہی کیلئے قانون سازی کا بل تیار کرکے منظوری کیلئے جمع کروایا گیا ہے۔ بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کی نئی ایجاد کردہ ٹی بی پروینٹیو تھراپی صوبے کے تمام اضلاع میں متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے 12ہفتوں میں ٹی بی جیسے مرض سے بچاؤ یقینی بنایاجاسکتا ہے۔