کوئٹہ (آن لائن) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی صدر حاجی علی اصغر بنگلزئی نے ایپکا بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر آفس کے صدر سکندر علی لہڑی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین تنظیموں کے خلاف قوانین کا غلط استعمال نہ صرف قوانین کی اہمیت کو ختم کرے گا بلکہ اس سے ملازمین میں اشتعال بھی پیدا ہوگا۔ آئین و قانون عوام کے فلاح و بہبود کے لیے بنائے گئے ہیں، نہ کہ مخالفین کو ہراساں کرنے کے لیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایپکا کے صوبائی رہنما کے خلاف بلاجواز اور یکطرفہ کارروائی تنظیم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کے مترادف ہے، جو کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ اس طرح کے منفی ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ ملازمین تنظیموں اور انتظامیہ کے درمیان دوریوں کو مزید بڑھا دیں گے۔ایپکا بلوچستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ سکندر علی لہڑی کے خلاف درج بے بنیاد ایف آئی آر کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔