کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا قتل نہ صرف پیپلزپارٹی بلکہ ملک کے خلاف ایک سازش تھی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پوری سیاست نظریاتی اصولوں پر مبنی تھی جس کی بدولت پاکستان کو 1973 کا آئین ملا اپنے دور حکومت میں انہوں نے پاکستان کی سیاست میں نئے رجحانات متعارف کروائے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔یہ بات مرکزی رہنما لالا روزی خان کاکڑ، ثناء اللہ جتک ، قاسم خان اچکزئی ،ملک حمید کاکڑ، اختر بلوچ ،شاہ جہان گجر، الطاف گجر،سید ظہورآغا، نورالدین کاکڑ،عزیز لانگو اوردیگرنے جمعہ کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے صوبائی سیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ شہید بھٹو کو جب اقتدارملا تو انہوں نے ملک کو متحد رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کیا بلوچستان کو صوبے کادرجہ دینے کے ساتھ آزاد کشمیر کو خودمختار حیثیت دی،ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم مدبر لیڈر اور در اندیش سیاستدان تھے ۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو ہی وہ شخص تھے جنہوں نے مزدوروں کو انکے جائز حقوق دیئے اور انکے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ،اس موقع پرشہید ذوالفقارعلی بھٹو کی روح کے ایصال ثواب اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی اور بعد میں لنگربھی تقسیم کیا گیا۔