لاہور(مانیٹرنگ سیل ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حج پروازیں 29 اپریل سے شروع ہوں گی،90 ہزار حاجی سرکاری طور پر جائیں گے،ان کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں، اس سلسلےمیں وزیر اعظم کی واضح ہدایات ہیں۔لانگ ٹرم حج 10 لاکھ 50 ہزار جبکہ شاٹ ٹرم 11 لاکھ 50 ہزار روپے میں ہوگا ،بھکاریوں کو لے جانے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا،بھیک مانگنے پرجوڈی پورٹ ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے،لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹریننگ کا پہلا سیشن مکمل ہوگیا ہے، دوسرا مرحلے کا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا، حجاج وہاں تیاری کے ساتھ جائیں، ٹریننگ پر زیادہ کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج اور عمرے کا تعلق عقیدے کے ساتھ ہے، جو بھی اس حوالے سے کام کیا جاتا ہے وہ عقیدہ ہے، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے ، ان کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں، حجاج کو ویکسی نیشن سمیت دیگر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بزرگ حجاج خاص خیال رکھا جائے، پنجاب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں تربیت دی جائے گی، ملک بھر میں جب پروازیں شروع ہوں گی، افسروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ لانگ ٹرم حج 10 لاکھ 50 ہزار تک چلا گیا ہے جبکہ شاٹ ٹرم 11لاکھ 50 ہزار روپے میں ہوگا، جو پیسے بچ جاتے ہیں وہ حاجی کو واپس کر دیئے جاتے ہیں جو کہ حاجیوں کا حق ہے، 2 مہینے باقی رہ گئے ہیں، حاجیوں کیلئے اچھے انتظامات ہوں گے، وہاں سعودی حکومت بھی بہتر سے بہتر انتظامات کرتی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حجاج کی سہولت کیلئے میڈیکل مشن، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات بہتر کئے ہیں، یہ انتظامات سعودی حکومت خود کرتی ہے، مجھے آج تک اطلاع نہیں ہے کہ کسی حاجی نے بھیک مانگی ہو، بھکاریوں کو لے جانے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا،بھیک مانگنے پرجوڈی پورٹ ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔انہوںنے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ گیا ہوں،رمضان المبارک کے آخری عشرے میں وہاں حج انتظامات دیکھے ،سعودی عرب میں متعلقہ لوگوں سے بھی ملاقات ہوئی،ملک بھر سے فلائٹ آپریشن کے لیے خصوصی ڈیوٹی لگائی جائیں گی ۔ انہوں نے ویزے پرپابندی کے حوالے سے کہا کہ حج سے قبل پہلے بھی عمرہ ویزہ بند کردیئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو تحفہ دیا،مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت ہے،کوشش یہ رہی ہے کہ ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے عام افراد کو فائدہ ہو۔