عالمی شہرت یافتہ بھارتی ٹی وی شو سی آئی ڈی کے مشہور کردار ’اے سی پی پردھیومن‘ کا شو میں سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس پر سی آئی ڈی کے نئے ایڈیشن کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے جس میں اے سی پی پردھیومن کی موت کا منظر دیکھا جا سکتا ہے، ٹریلر کے آغاز میں خون سے لت پت اے سی پی کا ہاتھ نظر آتا ہے جس میں ان کی یادگار انگوٹھی بھی موجود ہے۔
اے سی پی کا خون میں لت پت ہاتھ دیکھ کر انسپیکٹر ابھیجیت صدمے میں جبکہ انسپکٹر دیا سمیت پوری سی آئی ڈی ٹیم کو روتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ٹریلر دیکھنے کے بعد مداح سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پروڈیوسرزکا اتنے مشہور اور لیجنڈری کردار کو ختم کرنے کا فیصلہ بالکل غلط ہے، اے سی پی پردھیومن کے بغیر یہ شو نامکمل ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین پُرامید بھی تھے کہ شاید ٹریلر دیکھ کر لوگ جیسا سوچ رہے ہیں وہ حقیقت نہ ہو۔
ٹریلر سامنے آنے کے بعد بھارتی ٹی وی نے خود بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ اب مستقبل میں اے سی پی پردھیومن یعنی بھارتی اداکار شیواجی ساتم سی آئی ڈی کا حصّہ نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ اے سی پی پردھیومن 1998ء سے جاری بھارتی ٹی وی شو ’سی آئی ڈی‘ کا ایک کردار ہے اور پچھلے 27 سال سے یہ کردار بھارتی اداکار شیواجی ساتم ہی ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔
ماضی میں اے سی پی کی غیر موجودگی میں انسپیکٹر ابھیجیت سی آئی ڈی کی قیادت کرتے نظر آتے تھے لیکن اب اے سی پی پردھیومن کی جگہ ایک نوجوان اے سی پی آیوشمان سی آئی ڈی کی ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اے سی پی آیوشمان کا کردار بھارتی اداکار پارتھ سمتھان ادا کریں گے۔