اسلام آباد (ساجد چوہدری) ساوتھ ایشین ریجنل سٹینڈرڈز آرگنائزیشن ڈھاکہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شہزاد افضل نے ایک سال پرانے اشتہار پر پی ایس کیو سی اے کے ڈی جی کی تقرری کیلئے منعقد ہونیوالے انٹرویوز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بھرتی کیلئے نیا اشتہار دینے کی درخواست کر دی۔ گزشتہ روز وزیر اعظم ، وفاقی وزیر اور سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو خط میں انہوں نے کہا کہ میرے علم کے مطابق پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کیلئے مارچ یا اپریل 2024 میں اشتہار دیا گیا تھا۔ میری گزارش ہے کہ ایک سال پرانے اشتہار کی بنیاد پر ہونے والے انٹرویوز پر نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ عین ممکن ہے کہ ایک سال کے عرصے کے دوران بہت سے امیدوار اہلیت کے طریقہ کار پر پورا اترنے کے قابل نہ رہے ہوں یا پھر بعض اہل ہو گئے ہوں ، نئے اشتہار کے بغیر موزوں امیدوار اس عہدے سے محروم رہ سکتا ہے۔ ڈی جی SARSO ڈاکٹر شہزاد افضل نے خط میں مزید لکھا کہ جب یہ عہدہ خالی تھا تو وہ خود اس عہدے کیلئے موزوں امیدواروں میں شامل تھے۔