کراچی(اسٹاف رپورٹر)والدین کے اکلوتے بیٹے کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کرنے میں ملوث ملزم کو پولیس نے مبینہ مقابلہ کے بعد ہلاک کردیا،پولیس کے مطابق زمان ٹاؤن تھانہ کی حدودکورنگی سیکٹر 50/C فٹبال گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اپنے پاس موجود اسلحہ سے فائرنگ کرکےفرار ہونے کی کوشش کی، جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں ملزم مرزا علی ہلاک اور دیگر تین ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار ملزمان کی شناخت فیضان محمود احمد، عفان عرف عبداللہ اور محمد سمیع رفیق کے ناموں سے ہوئی ملزمان سے تین عدد پسٹل 30 بور مع ایمونیشن، مسروقہ موٹرسائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کئے گئےپولیس کے مطابق ہلاک ملزم نے والدین کے اکلوتے بیٹے صہیب کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا تھا،ہلاک ڈاکو 19 مارچ کو کورنگی 6 نمبر پر واقع میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کی نیت سے ساتھیوں کے ہمراہ آیا تھا،ہلاک ڈاکو مرزا نے ڈکیتی کے دوران میڈیکل اسٹور کے مالک صہیب کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،مقتول صہیب والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔