تاشقند(نیوز ڈیسک) پاکستان کے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 150ویں اسمبلی اور متعلقہ اجلاسوں کے موقع پر ازبکستان کے صدر جمہوریہ شوکت میرزیایوف سے اہم ملاقات کی۔ یہ اجلاس 5سے 9اپریل تک تاشقند میں منعقد ہو رہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے عوام اور قیادت کی جانب سے گرمجوشی سے سلام پیش کیا اور صدر ازبکستان کو آئی پی یو اسمبلی کی کامیاب میزبانی اور حال ہی میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات پر دلی مبارکباد دی۔ دونوں شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کی۔ حالیہ دورہ ازبکستان (فروری 2025) میں وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک قیادت کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کے یاداشتیں (ایم او یوز) اور ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے لاہور اور تاشقند کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی کو عوام سے عوام تک رابطوں اور کاروباری روابط (بی ٹو بی) بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔