اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) وفاقی وزیر برائے بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو)، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے تین چیف ایگزیکٹوز کو ریکوری میں ناقص کارکردگی اور بھاری نقصانات پر سخت سرزنش کی ہے۔ اجلاس میں، جس میں پاور ڈویژن کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی، لغاری نے سیپکو، حیسکو اور کیسکو کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی پاور ڈویژن کی جانب سے مقرر کردہ ہدف سے کہیں کم ہے۔ مذکورہ ڈسکوز نے نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ تاہم، وزیر نے آئیسکو (اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی)، گیپکو (گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی)، اور فیسکو (فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) کی وصولی اور نقصانات میں کمی کے حوالے سے بہترین کارکردگی کو سراہا کیونکہ مذکورہ ڈسکوز نے پاور ڈویژن کی طرف سے مقرر کردہ اپنے اہداف سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔