پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کمسن ڈرائیوروں‘ کالے شیشوں کے استعمال اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 1340 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام نے شہر کے تمام سیکٹروں میں کمسن ڈرائیوروں (انڈر ایج)‘ کالے شیشوں کے استعمال اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران گاڑیوں سے کالے شیشے (سٹکرز) اتار لئے گئے جبکہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کے دوران موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکاروں کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔