کراچی( اسٹاف رپورٹر )ڈی آئی جی ٹریفک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ایس ایس پیز اور ڈی ایس پیز نے شرکت کی ، اجلاس میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے اور افسران کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئیں جس کے مطابق شہر بھر میں پرانی، بوسیدہ اور ہیوی گاڑیوں بشمول ٹینکرز، ٹریلرز، بسوں اور ڈمپرز کی سخت چیکنگ کی جائے، جن گاڑیوں میں فرنٹ اور بیک سیف گارڈ اور وہیکل کے دائیں اور بائیں انڈر رنز نصب نہ ہوں ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جاۓ اور وہیکل کے اطراف روڈ سیفٹی کی لیے انڈر رنز نصب کروائے جائیں،ایسے ٹینکرز جن سے پانی لیک ہوتا ہو یا وال لیک ہو رہے ہیں جو کے روڈ حادثات کا باعث بن رہے ہیں انہیں فوری طور پر روڈ سے ہٹایا جائے،بے حد خستہ حال یا بوسیدہ حالت میں موجود بسوں کو روڈ سے ہٹا کر قانونی کارروائی کی جائے،موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والے افراد کی بائیکس ضبط کی جائیں گی جو صرف ہیلمٹ اور لائسنس فراہم کرنے کے بعد واپس کی جائیں گی،بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے خلاف موقع پر چالان کیا جائے گا،فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، نیلی لائٹس، ہوٹرز اور سائرن والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی،ایکسٹرا سیٹر اور 9 سیٹر رکشوں کی مخصوص روٹس پر آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جن میں کارساز تا حسن اسکوار، ڈرگ روڈ تا سہراب گوٹھ، ملینئم مال تا نیو ٹاؤن، ماڑی پور تا گلبائی، آئی آئی چندریگر روڈ تا ٹاور، اور آواری تا مادام اپارٹمنٹ شامل ہیں،ڈبل اور ٹرپل پارکنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، جبکہ متعلقہ کنٹریکٹرز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور لیز منسوخ کرنے کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے،شہر میں تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں گی،اجلاس میں نئی پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں اور بتایا گیا کہ نشے کے عادی ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت ڈوپ ٹیسٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، تمام ہیوی گاڑیوں میں ٹریکر اور فرنٹ و بیک ویو کیمرہ بمعہ کیبن کیمرہ کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے، ہیوی گاڑیوں میں ٹریکر نصب نہ کرنے پر 5000 روپے کا جرمانہ کیا جائے گا جبکہ ٹریکر بند ہوگا اس کا بھی 7000 کا چالان کیا جائے گا،ایچ ٹی وی گاڑیوں کی شہر میں حد رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے،بین الاضلاعی (Intercity) بسوں کے شہری حدود میں داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔