کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکورٹی خدشات کے پیش نظر10 روزہ بندش کے بعد سید عبداللہ شاہ غازی کو سخت حفاظتی انتظامات میں زائرین کیلئے کھول دیا گیا ، مزار کھلنے کی اطلاع ملتے ہی ہزاروں زائرین نے مزار کا رخ کیا اور عقیدت و محبت سے حاضری دی ،شہریوں نے مزار پر مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیلئے دعا کی ،پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ کی قیادت میں پاکستان سنی تحریک کے وفد نے مزار پر حاضری دی اور عوامی جذبات کے احترام میں مزار کھولنے پر صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شیرزای سے اظہار تشکر ، پولیس افسران سے ملاقات کر کے یہاں ہونے والے حفاظتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا سید عبداللہ شاہ غازی مزار کو 29مارچ کو سیکورٹیٰ خدشات کے پیش نظر زائرین کیلئے بند کر دیا گیا تھا ، اس ضمن میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ شاداب رضا نقشبندی کی ہدایت پر سنی تحریک کے نائب سربراہ محمدشاہد غوری کی قیادت میں ایک وفد نے گذشتہ روز صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شیرازی سے ملاقات کر کے انہیں زائرین کے جذبات سے آگاہ کیا ۔