• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ، لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے درخواستوں پر پیش رفت رپورٹ طلب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ظفف احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتا افراد کی بازیابی کی درخواستوں پر ر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی، 4 سال سے لاپتا شہری کے بارے میں کوئی پیش رفت نہ ہونے پر عدالت برہم ہوگئی، اور شناختی کارڈ پر جاری موبائل سم کی معلومات حاصل کرنے کا حکم دیدیا ، عدالت نے ٹریول ہسٹری اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کرلیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سید ذوالفقار علی 2021 سے تھانہ شا رع فیصل کی حدود سے لاپتا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں سید ذوالفقار کے کیس میں کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ جے آئی ٹی کے مزید اجلاس کے لئے خط لکھا ہے، متعدد جے آئی ٹی اجلاس بھی ہوئے ہیں اب تک ذوالفقار کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس میں کہا کہ مسنگ پرسن کا کیس آپ کے پاس آتا ہے تو انکوائری کس طرح کرتے ہیں؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایس او پیز کے مطابق لاپتا شہریوں کی انکوائری کرتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ایس او پیز کے مطابق مسنگ پرسنز کے شناختی کارڈ ، بینک اکاؤنٹس کی انکوائری بھی کرنی ہوتی ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ مزید کارروائی کے لیے مہلت دی جائے، لاپتہ شہری نے 2015 میں ایران میں سفر کیا تھا،عدالت نے درخواست کی سماعت 30 اپریل تک ملتوی کردی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید