اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ)گردشی قرضے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے 18 بڑے کمرشل بینکوں نے حکومت کو 1275 ارب روپے کی قرض سہولت کی ٹرم شیٹ فراہم کر دی ہے، جس کے تحت یہ رقم سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کو دی جائے گی۔ یہ اقدام بجلی کے شعبے کے موجودہ 2400 ارب روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ٹرم شیٹ کے مطابق بینک 617 ارب روپے کا نیا قرض 10.50 سے 11 فیصد کے مارک اپ پر فراہم کریں گے، جو KIBOR-0.90 بیسس پوائنٹس پر مبنی ہوگا۔ یہ قرض چھ سال میں بجلی کے صارفین سے ڈیبٹ سروس سرجری (DSS) کے ذریعے واپس وصول کیا جائے گا۔ صارفین اپنی بجلی کے بلوں میں فی یونٹ 3.23 روپے DSS کے طور پر ادا کریں گے۔ایک بڑے بینک کے سی ای او نے دی نیوز کو بتایا کہ’’بلوں کی ادائیگی کے وقت DSS کی رقم براہ راست منہا (at source deduction) کی جائے گی، جس سے بینکوں کے لیے خطرات کی سطح کم ہو گی۔