اسلام آباد(طاہر خلیل) تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد میںمنعقدہ کانفرنس میں گلف تعاون کونسل کے ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر بحرین، عمان اور کویت کے انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹس کے سربراہوں نے خصوصی شرکت کی۔ انسداد منشیات فورس کے ڈی جیز بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس کے شرکاء نے انسداد منشیات کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور اجتماعی اقدامات پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس شیئر ینگ مشترکہ تربیت رابطہ کاری ٹیکنیکی اشتراک کو فروغ دینا چاہتے ہیں یہ تاریخی کانفرنس منشیات کی سمگلنگ کے خلاف عالمی تعاون کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور سرحد پار مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کی جانب ایک اہم کاوش ہے۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کانفرنس منشیات سے پاک دنیا اور محفوظ مستقبل کی جانب اہم پیشرفت ہے۔