دبئی (سبط عارف)پاکستان کی زرعی جدت و تحقیق کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ صوبہ سندھ کی درسگاہ شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور کے ممتاز پاکستانی محقق ڈاکٹر غلام سرور مہرخند کو ابو ظبی میں منعقدہ تقریب میں "بااثر شخصیت" کی کیٹیگری میں خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچرل انوویشن سے نوازا گیا۔ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام سرور مہرخند نے ایوارڈ کو اپنی تحقیق کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ "بااثر شخصیت" کی کیٹیگری میں 28ممالک کے 180سے زائد محققین اور اسکالرز نے اپنی تحقیق جمع کرائی جن میں پاکستان اور مصر نے اس کیٹیگری کے اعلیٰ اعزازات جیتے۔ تقریب کے دوران پاکستان میں دوسرا انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول 2025منعقد کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالوہاب زید نے کئے۔