• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے: سفارت خانہ پاکستان میں پاکستان ڈے کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام

اوسلو: سفارت خانہ پاکستان ناروے میں پاکستان کے قومی دن کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ناروے کی ڈپٹی منسٹر/ اسٹیٹ سیکریٹری ٹو منسٹر آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ سٹائن رینیٹ ہیم نارویجن وزارت خارجہ کے افسران مختلف ممالک کے ایمبیسڈر سفارت کار اور ان کے افسران نارویجن پارلیمنٹیرینز، سیاست دانوں، نارویجن حکومت کے اعلیٰ عہدیداران، بزنس مین پاکستانی نارویجن سیاستدان سینیئر عہدے داران اور صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔

تقریب کی نظامت ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر رابیل مصطفیٰ سومرو نے اسٹیج سیکریٹری کے طور پر کی جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان اور ناروے کے قومی ترانے بجائے گئے۔

مہمانوں کو پاکستان کی اقتصادی، ثقافتی اور سیاحتی صلاحیتوں کو پیش کرنے والی دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔ ناروے سے پاکستان میں سیاحت کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے، ترکش ایئرلائنز اور قطر ایئرویز کی جانب سے اسپانسر کردہ ایونٹ کے دوران تین ریٹرن ایئر ٹکٹوں کے ریفل انعامات نکالے گئے۔

مہمانوں کو پاکستانی مستند کھانوں کی ڈشز پیش کی گئیں، جنہیں انہوں نے بے حد پسند کیا۔ آخر میں فائن ڈسٹری بیوشن اے ایس کے زیر اہتمام تمام مہمانوں کو نیشنل فوڈز پروڈکٹس پر مشتمل گفٹ پیک پیش کیے گئے۔

سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے پاکستان کے قومی دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کو درپیش متعدد چیلنجز کے باوجود معیشت ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

پاکستان-ناروے تعلقات کے بارے میں سفیر نے ذکر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ اور کثیرالجہتی شعبوں میں قریبی دوستانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد ناروے میں مقیم مضبوط پاکستانی ہیں۔

انہوں نے ناروے کی کمپنیوں Scatec، Jotun Power Coatings اور Telenor's Microfinancing Bank کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری پر روشنی ڈالی، انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔

ناروے کی اسٹیٹ سیکریٹری نے اپنے خطاب میں سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے لیے بڑی فخر کی بات ہے کہ آج میں یہاں ہوں اور میں دل سے آپ کو اس نیشنل ڈے کی مبارکباد دیتی ہوں۔

اسٹیٹ سکریٹری ناروے سٹائن رینیٹ ہیم نے دونوں فریقوں کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات کو تسلیم کیا۔ 1950 کی دہائی سے پاکستان کو ناروے کی ترقیاتی امداد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 2023 میں پاک-ناروے دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے یادگاری بیان میں ناروے کے وزیر اعظم نے خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن کارکنوں کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کھاریاں میں "اوسلو چوک" کے حالیہ افتتاح کو پاکستانی نژاد نارویجن باشندوں کی دوستی اور جڑوں کی پہچان کے طور پر ذکر کیا جبکہ ناروے میں متحرک نارویجن پاکستانی کمیونٹی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارویجن سوسائٹی کی معیشت اور ثقافت کے منظر نامے میں شراکت انمول ہے وہ ہماری اقوام کے درمیان اور ہماری دونوں برادریوں تک پہنچنے کے لیے ایک پل کا کام کرتے ہیں۔

اسٹیٹ سکریٹری ناروے کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل کامیابی کے لیے پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور فلاح بہبود ترقی کے لیے حوصلہ افزائی کرتی رہیں گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید