کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)انجمن طلباء اسلام کے سیکرٹری جنرل فیصل کریم ماگرے نے کہا ہے کہ 11 اپریل سے فلسطین ہمارا ہے غزہ نے پکارا ہے کے عنوان سے ملک گیر مہم کا آغاز کررہے ہیں ،11 مئی کو لاہور میں قومی فلسطین کانفرنس اور اسی ماہ اسلام آباد میں طلبا کانفرنس منعقد کی جائے گی ،حکومت فلسطین میں جہاد کا اعلان کرے یا پھر ہمیں اجازت دے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانی تاریخ کے بدترین المیوں میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ کیا ہے،معصوم بچوں ، خواتین سمیت کوئی محفوظ نہیں ۔ او آئی سی اپنا کردار ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے ۔ ہمیں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف موثر آواز اٹھاتے ہوئے ہر فورم پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اسرائیل کے مظالم کو روکا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام کے زیراہتمام 11 اپریل سے پاکستان اور جموں کشمیر میں 150 مقامات پر منظم احتجاجی مظاہرے اور مختلف علاقوں میں علماء و مشائخ آل پارٹیز کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا ہر سطح پر بائیکاٹ کریں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کی فضا بالخصوص بلوچستان جیسے حساس خطے میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔