کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی صدر ڈاکٹر شکیل روشن نے گزشتہ روز تنظیم الاعوان پاکستان بلوچستان کے عہدیداروں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی دی۔ جس میں تنظیم کے صوبائی چیئرمین ملک سعید اعوان، صوبائی صدر ملک عبدالحمید اعوان، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال اعوان،ساحر علی اعوان، حاجی نوید اعوان، ملک سبحان اعوان، ملک عرفان الحق اعوان سمیت دیگر عہداروں اور اعوان قوم سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر شکیل روشن، ملک سعید، ملک عبدالحمید ، جاوید اعوان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے کلچر اور اس کی ثقافت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اعوان قوم کی ایک طویل تاریخ ہے اور یہ قوم پاکستان سمیت پوری دنیا میں آباد ہے، بلوچستان بھر میں اعوان قوم کے افراد کثیر تعداد میں آباد ہیں اور ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتحادواتفاق اور یکجہتی سے ہی ہم اپنی قوم کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں، ہمارے لئے تمام اقوام قابل احترام ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اعوان قوم کے غریب افراد کیلئے تنظیم کی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں باقاعدہ کمیٹی قائم ہے جو ان کے مسائل کے حل کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے مسائل کے حل کیلئے اعوان قوم کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ڈاکٹر شکیل روشن اعوان نے تنظیم الاعوان بلوچستان کے عہدیداروں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر تنظیم الاعوان یوتھ بلوچستان کی کابینہ کا اعلان بھی کیا گیا۔